سِول پاکستان پارٹی ۔ ایک پارٹی بھی، ایک تحریک بھی
سِول پاکستان پارٹی ایک سیاسی پارٹی (جماعت) بھی ہے اور ایک تحریک بھی۔
اس کا مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں۔
یہ بہت سے معاملات کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ اور ایک تدریجی انقلاب کو متصور کرتی ہے۔
تاکہ ریاست اور حکومت اپنے اصل کام کی طرف متوجہ ہوں۔
تاکہ معاشرہ پھر سے اپنے طور پر اور اپنے بل پر زندہ رہنا شروع کرے۔ گو کہ یہ اگر ابھی باقی و قائم ہے، تو اپنی اسی خوبی کی وجہ سے باقی و قائم ہے۔
تاکہ ریاست، حکومت اور سیاست، لوگوں کے انسانی، معاشرتی اور باہمی تعلقات کو منتشر نہ کر سکیں۔
تاکہ شہری معیشت پھلے پھولے اور پروان چڑھے، اور ہر فرد اپنی سوچ کے مطابق خوشی و خوشحالی سے معمور زندگی سے ہمکنار ہو۔
تاکہ پاکستان کے مختلف لوگ، اپنی جن تہذیبی اور ثقافتی روایات اور اقدار کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، انھیں ساتھ لے کر چلیں۔
تاکہ لوگ اپنی سماجی اور اخلاقی ذمے داریوں سے آگاہ ہو سکیں اور ایک بھرپور زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ ایک ذمے دار شہری کی حیثیت سے معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
تاکہ لوگ ایک تبدیل ہوتی ہوئی دنیا میں اپنے سماجی اور انفردی مقام کا تعین خود کرنے کے اہل ہو سکیں۔
مختصر یہ کہ:
تاکہ ریاست اور حکومت، آئین اور قانون پر چلیں۔
تاکہ معاشرہ اپنی اصل بنیاد، اخلاقیات پر پھر سے استوار ہو اور پروان چڑھے۔